اداکار سونو سود جنھوں نے فلموں میں اکثر ویلن کا کردار ادا کیا ہے، حقیقی زندگی میں ہیرو کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انھوں نے لاک ڈاون کے دوران ہزاروں تارکین وطن کو گھر پہنچانے کا کام کیا ہے۔ تارکین وطن مزدوروں کو کھانے پینے کا سامان بھی مہیا کروایا۔
ان کے اس جذبے اور سماجی خدمت کی ملک بھر میں سراہنا کی گئی۔
تازہ طور پر سونو سود نے آندھراپردیش کے ضلع چتورکے ایک خاندان کو ٹریکٹر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
چتور ضلع کے وی پلی منڈل، محل راجہ پلی سے تعلق رکھنے والا کسان ناگیشور راو اپنے کھیت کی فصل تیار کرنے کے لیے اپنی دو بیٹیوں کی مدد سے کاشت کاری کرتا ہوا دیکھا گیا جس کا ویڈیو کرشنا مورتی نامی شخص نے سونو کو شیر کیا۔