بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور کا آج یوم پیدائش ہے۔ سونم نے 2007 میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم سانوریا سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ رنبیر کپور کی بھی یہ پہلی فلم تھی۔اس کے بعد سونم کپور نے 2009 میں راکیش اوم پرکاش مہرہ کی فلم 'دہلی 6' میں کام کیا حالانکہ یہ فلم باکس آفس پر کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکی لیکن سامعین نے سونم کی اداکاری کو ضرور پسند کیا۔
سال 2013 سونم کپور کے کیریئر کا ایک اہم سال ثابت ہوا۔ اس سال سونم کپور کی 'رانجھنا' اور 'بھاگ ملکھا بھاگ' جیسی سپر ہٹ فلمیں منظرعام پر آئیں۔
سال 2015 میں سونم کپور کی ایک اور سپر ہٹ فلم 'پریم رتن دھن پایو' ریلیز ہوئی ۔ اس فلم نے 200 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی۔ 2016 میں سونم کی فلم 'نیرجا' ریلیز ہوئی ہے۔ یہ فلم ایئر ہوسٹس نیرجا بھنوت کی زندگی پر مبنی ہے جنھوں نے دہشت گردوں سے ہوائی جہاز کے مسافروں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان دے دی تھی۔
سال 2018 میں سونم کی 'پیڈمین' ، 'سنجو' اور 'ویرے دی ویڈنگ' جیسی کامیاب فلمیں ریلیز ہوئیں۔ اسی سال سونم نے بزنس مین آنند آہوجا سے شادی کرلی۔ سال 2019 میں سونم کی فلم 'ایک لڑکی کو دیکھا' اور 'دا زویا فیکٹر' ریلیز ہوئیں۔ سونم کے کیریئر کی دیگر قابل ذکر فلموں میں 'آئی ہیٹ لو اسٹوری' 'عائشہ' ، 'تھینک یو' ، 'موسم' ، 'پلیئرز' وغیرہ شامل ہیں۔