گزشتہ روز طبیعت بگڑنے کے سبب دلیپ کمار کو ممبئی کے کھار علاقہ میں واقع ہندوجا ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جس کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر پائی جارہی تھی لیکن آج سائرہ بانو نے ان کی تازہ تصویر شیئر کر کے دلیپ کمار کی طبیعت میں بہتری کی خبر دی۔
دلیپ کمار کے ہسپتال میں بھرتی ہونے کے بعد ان کے مداحوں اور پرستاروں میں کافی بے چینی پائی جا رہی ہے جس کے بعد سائرہ بانو ٹویٹر کے ذریعے مداحوں تک دلیپ صاحب کی طبیعت سے متعلق خبریں شیئر کر رہی ہیں۔
دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو وقتاً فوقتاً ٹوئیٹ کرتی رہتی ہیں اور پیر کی شام ایک تازہ تصویر جاری کی۔ مذکورہ تصویر میں وہ خود بھی نظر آرہی ہیں۔ دلیپ کمار نے نیلے رنگ کی قمیض پہن رکھی ہے لیکن وہ بہت کمزور نظر آرہے ہیں۔ اس تصویر پر پیر کی تاریخ اور شام کے سوا پانچ بجے کا وقت تحریر ہے۔
ایک دیگر ٹویٹ میں انہوں نے دلیپ کمار کی طبیعت کے بارے میں معلومات دی۔ گزشتہ چند دنوں سے یوسف صاحب(دلیپ کمار) کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اور ممبئی کے ہسپتال میں ان کا علاج جاری ہے۔ انہوں نے مداحوں کا ان کی دعاؤں اور نیک خواہشات کے لیے شکریہ ادا کیا ہے۔