اردو

urdu

King of Ghazal Jagjit Singh: جگجیت سنگھ، اشتہاری فلموں سے شہنشاہ غزل تک کا سفر

بھارت کے معروف گلوکار جگجیت سنگھ King of Ghazal Jagjit Singh کا نام ایک ایسی شخصیت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جو اپنی سحر انگیز آواز سے تقریباً چار دہائیوں سے کروڑوں مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔

By

Published : Feb 8, 2022, 3:01 PM IST

Published : Feb 8, 2022, 3:01 PM IST

شہنشاہ غزل جگجیت سنگھ
شہنشاہ غزل جگجیت سنگھ

جگجیت سنگھ King of Ghazal Jagjit Singh کی پیدائش راجستھان کے شری گنگا نگر میں 8 فروری 1941 کو ہوئی تھی۔ ان کے والد کا نام امرسنگھ اور والدہ کا نام بچن کور تھا۔ ان کے والد سرکاری ملازم تھے۔

جگجیت کی چار بہنیں اور دو بھائی تھے۔ ان کا پیدائشی نام جگموہن تھا لیکن بعد میں ان کے والد نے ان کا نام جگجیت سنگھ رکھ دیا۔

جگجیت سنگھ کے نام جاری کردہ ڈاک ٹکٹ

بچپن سے ہی جگجیت سنگھ کا رجحان موسیقی کی جانب تھا۔ انہوں نے موسیقی کی تعلیم استاد جمال خان اور پنڈت چھگن لال شرما سے حاصل کی۔

جمال خان نے جگجیت سنگھ کو چھ برس تک موسیقی کی باقاعدہ تربیت دی اور خیال، ٹھمری و دیگر راگوں سے روشناس کرایا۔

جگجیت سنگھ نے اپنی گلوکاری کا آغاز مختلف گرودواروں میں گُروبانی گا کر کیا۔ ان کی آواز کی جادوگری کا یہ کمال جالندھر ریڈیو اسٹیشن تک پہنچا تو انہیں ایک برس میں چھ بار براہ راست پروگرام پیش کرنے کا آفر مل گیا۔

سنہ 1965ء میں گلوکار بننے کی تمنا لیے جگجیت سنگھ ممبئی آگئے جہاں ایچ ایم وی نامی اس وقت کی مشہور ترین ریکارڈ کمپنی نے ان کی آواز میں دو غزلیں ریکارڈ کرنے کی انہیں پیشکش کی تھی۔

جگجیت سنگھ کو اسی دوران کچھ اشتہاری فلموں میں بھی اپنی آواز کا ہنر دکھانے کا موقع ملا۔ ان کی گلوکاری اتنی مقبول تھی کے انہیں شہنشاہ غزل بھی کہا جاتا ہے۔

شہنشاہ غزل جگجیت سنگھ

جدوجہد کے اسی دور میں ان کی ملاقات چترا سنگھ سے ہوئی جو خود بھی ایک گلوکارہ تھیں۔ سنہ 1970ء میں دونوں نے شادی کرلی اور یہیں سے دونوں کی زندگی نے ایک نیا موڑ لیا اور اس جوڑی نے کئی البمز میں اپنی جادوئی گلوکاری سے سامعین کو مسحور کردیا۔

جگجیت سنگھ غزلوں کے علاوہ کلاسیکل میوزک اور مذہبی لوک گیت گاتے تھے۔ انہوں نے اپنا سب سے پہلا میوزک البم سنہ 1982 میں شروع کیا۔ اس البم کا نام 'دی لیٹسٹ' تھا اور ان کا آخری البم 'سلسلے' تھا جو انہوں نے سنہ 1998 میں بنایا تھا۔

جگجیت سنگھ اور لتا منگیشکر

جگجیت سنگھ کو سنہ 2003 میں موسیقی نے بہتر کام کے لیے ملک کے تیسرے سب سے بڑے شہری اعزاز پدم بھوشن سے نوازا گیا اور سنہ 2014 میں ان کے نام سے دو پوسٹل اسٹیمپ بھی جاری کیے گئے۔

جگجیت سنگھ 70 برس کی عمر میں 10 اکتوبر 2011 کو اس دنیا کو الوداع کہہ گئے۔

جگجیت سنگھ کی زندگی پر ایک کتاب بھی لکھی گئی ہے جس کا نام 'بیونڈ ٹائم' ہے۔ کتاب کو آشرانی ماتھر نے لکھا اور اسے سنہ 2012 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details