سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد فلم ہدایتکار کرن جوہر سوشل میڈیا صارفین کے تنقید کے نشانے پر ہیں۔ لوگ انہیں اقربا پروری کو فروغ دینے اور مشہور شخصیتوں کے بچوں کو فلم میں کام دینے کے لیے سوشل میڈیا پر ٹرول کر رہے ہیں۔
اسی دوران رپورٹ موصول ہوئی ہے کہ اس پورے تنازع سے ناخوش کرن جوہر نے 'ممبئی اکیڈمی آف موونگ امیج' (مامی) کے نام سے مشہور فلمی ادارے سے استعفی دے دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنے استعفی سے متعلق بورڈ کے دیگر عہدیداروں کو ای میل کیا ہے۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دیپیکا پدوکون انہیں سمجھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ مامی کے پینل میں وکرم آدتیہ موٹوانی، سدھارتھ رائے کپور، زویا اختر اور کبیر خان بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا میں ہو رہے ٹرولنگ سے پریشان ہوکر متعدد مرکزی دھارے میں شامل مشہور افراد نے اپنے انسٹاگرام کے کمنٹ سیکشن کو محدود کردیا ہے، جس میں کرن بھی شامل ہیں۔
کرن جوہر نے 14 جون کو انسٹاگرام پر اپنا آخری پوسٹ شیئر کیا تھا، جب سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کی خبر سامنے آئی تھی۔
کرن نے اداکار کے موت کے غم میں پوسٹ لکھتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس حادثہ کے لیے خود کو ذمہ دار مانتے ہیں کیونکہ وہ اداکار کے ساتھ بات چیت نہیں کر پائے تھے۔
کرن کے علاوہ عالیہ بھٹ، سوناکشی سنہا، ابھیشیک بچن، جانوہی کپور، ارجن کپور، سونم کپور اور سلمان خان وغیرہ کو سوشل میڈیا پر اقرباپروری کے مسئلے پر عوام کے غصے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔