سلمان خان کو فلم انڈسٹری میں آئے ہوئے تقریباً تین دہائی کا عرصہ ہوچکا ہے۔ وہ ہر فلم سے اداکاری کے نئی بلندیوں پر پہنچ رہے ہیں اور کام کے تیئں ان کی لگن برقرار ہے۔
27 دسمبر 1965 کو ممبئی میں پیدا ہوئے سلمان خان کا حقیقی نام عبد الرشید سلیم ہے۔ ان کے والد سلیم خان فلم انڈسٹری کے ایک مشہور اسکرپٹ رائٹر اور ڈائیلاگ رائٹر ہیں۔ گھر میں فلمی ماحول ہونے کی وجہ سے سلمان خان کی دلچسپی بھی فلموں کی جانب ہوگئی اور وہ اداکار بننے کا خواب دیکھنے لگے۔
سلمان نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1988 میں ریلیز فلم ’بیوی ہو تو ایسی‘ سے کیا تھا حالانکہ اس فلم میں ان کا کردار چھوٹا سا تھا۔ سال 1989 میں سلمان خان کو راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’میں نے پیار کیا‘ میں کام کرنے کا موقع ملا۔
نوجوان محبت کی کہانی پر مبنی اس فلم میں سلمان خان اور بھاگیہ شری کی جوڑی کو ناظرین نے بے حد پسند کیا۔ سورج بڑجاتيہ کی ہدایت میں بنی یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی اور سلمان خان کو فلم فیئر کے ڈیبو اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد وہ شائقین کے درمیان اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہے۔
سال 1991 میں آئی فلم ’صنم بے وفا‘ سلمان کے کیرئیر کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ اسی سال ان کی فلم ’ساجن‘ پر ریلیز ہوئی جس میں اداکارہ مادھوری دیکشت کے ساتھ ان کی جوڑی کو کافی سراہا گیا۔
اس فلم میں سلمان خان نے رومانوی اداکاری کے ساتھ جذباتی اداکاری کرکے ناظرین کو مسحور کردیا۔ سال 1994 میں راجکمار سنتوشی کی ہدایتکاری میں بنی فلم ’انداز اپنا اپنا‘، میں سلمان خان کی اداکاری کا نیا روپ دیکھنے کو ملا۔ اس فلم سے پہلے ان کے بارے میں یہ خیال تھا کہ وہ صرف رومانوی کردار ادا کرسکتے ہیں، انہوں نے عامر خان کے ساتھ اپنی مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کو محظوظ کردیا
سال 1994 میں سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر راج شری پروڈکشن کے بینر تلے بنی فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ میں اداکاری کرنے کا موقع ملا۔ خاندانی پس منظر پر بنی اس فلم نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کیے اور اب تک کی سب سے بڑی ہٹ فلم بن گئی۔
سال 1997 میں آئی فلم ’جڑواں‘ میں سلمان خان نے ڈبل رول نبھا کر ناظرین کو مسحور کر دیا۔ 1998 میں سلمان خان نے اپنے بھائی سہیل خان کی ہدایت میں بنی فلم ’پيار کیا تو ڈرنا كيا‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔اس فلم میں ان کے مدمقابل کاجول تھیں یہ فلم باکس آفس پر سپرہٹ ثابت ہوئی۔
اس کے بعد 1999 میں سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت میں بنی فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ سلمان کے کیرئیر کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ اس فلم میں ایشوریہ رائے اور اجے دیوگن جیسے سنجیدہ اداکار کی موجودگی میں بھی ان کی اداکاری کو سامعین نے خوب سراہا۔