بھارت میں ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کے بعد اس موضوع پر بالی ووڈ سے ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔ جہاں متعدد مشہور ہستیاں اس فیصلے کی اہمیت کو سمجھنے کی کوشش کررہی ہیں، وہیں بہت سے لوگوں نے وقت پر لیے گئے حکومت کے اس فیصلے کیب تعریف کی ہے۔
اس موضوع پر اداکارہ ملائیکا اروڑا نے انسٹاگرام اسٹوری میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ابھی تک کی بہترین خبر جو میں نے لاک ڈاؤن میں سنی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ آخر کار ہمیں لوگوں کی فضول ویڈیو سے چھٹکارا ملا۔
اداکارہ ریچا چڈا نے امریش پوری کے ایک لطیفہ کو ٹوئیٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم ہمیشہ سے ان ایپس کو ان انسٹال کرسکتے ہیں۔
کوریوگرافر اور فلمساز فرح خان نے ٹوئیٹر پر اس خبر پر اپنا ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ چین نقشہ بدل رہا ہے، بھارت ایپس پر پابندی عائد کررہا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اگر ہم دنیا کے سب سے بڑے مینوفیکچر سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں چین میں بنی ہر چیزوں پر پابندی عائد کرنے سے پہلے بہتر یہ ہوگا کہ ہم ہر ضروری اشیاء سے لیس ہوجائیں۔حقیقت یہ ہے کہ ہر چیز میں سے کچھ نہ کچھ چیز چین میں ہی تیار کی جاتی ہے۔بغیر سوچے سمجھے عمل کرنے سے مزید مسائل پیدا ہوجائیں گے۔اس وقت جذبات کی نہیں دماغ کی ضرورت ہے۔