نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ Delhi High Court نے جمعرات کو بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ کو بڑی راحت دیتے ہوئے سماجی خدمت کرنے کی شرط پر 20 لاکھ روپے کے ہرجانے کو گھٹا کر 2 لاکھ روپے کر دیا۔
جسٹس وپن سانگھی اور جسٹس جسمیت سنگھ کی بنچ نے اداکارہ جوہی چاولہ کی جانب سے رضاکارانہ طور پر شادی شدہ خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کی پیشکش قبول کرنے کے بعد ہرجانے کی رقم کم کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
اسی کے ساتھ ڈبل بنچ نے سابقہ فیصلے میں اداکارہ کے خلاف جج کے ریمارکس کو حذف کرنے کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس قبل ہائی کورت کے جج نے اس معاملے میں فیصلہ سناتے ہوئے جوہی چاولہ کی عرضی کو غیر سنجیدہ اور شہرت حاصل کرنے کا ذریعہ قرار دیا تھا اور عدالت کا وقت ضائع کرنے پر 20 لاکھ کا جرمانہ عائد کیا تھا۔
دو رکنی بنچ نے عرضی گزار کی جانب سے سماجی خدمات سے متعلق دہلی اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی DSLSA کے ساتھ کام کرنے کی رضامندی کا نوٹس لیتے ہوئے، ہرجانے کی رقم میں کمی کی درخواست منظور کر لی۔
اداکارہ نے راحت کی گزارش سے متعلق درخواست کرتے ہوئے کہا، 'دہلی اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے پروگرامز میں حصہ لے کر خواتین اور بچوں کی مدد کے لیے سماجی خدمت کرنا ان کے لیے فخر کی بات ہوگی۔'
ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ نے سنگل بنچ کی جانب سے اداکارہ پر عائد 20 لاکھ روپے کے ہرجانے کو کم کر کے 2 لاکھ روپے کر دیا ہے لیکن سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلم اداکارہ چاولہ نے 5 جی ٹیلی کام ٹیکنالوجی کے معاملے کو سرسری طور پر لیا اور اس سلسلے میں پٹیشن دائر کر کے ہائی کورٹ کا قیمتی وقت ضائع کیا۔