بالی ووڈ میں نیتو سنگھ کا شمار ایسی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے 70 اور 80 کی دہائی میں اپنے کُول اسٹائل اور بااثر اداکاری سے فلم بینوں کو اپنا دیوانہ بنایا۔
نیتو سنگھ کو رقص میں کافی دلچسپی تھی۔ ان کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے ان کی والدہ راجی سنگھ نے انہیں مشہور اداکارہ وجینتی مالا کے رقص اسکول میں رقص سیکھنے کی اجازت دے دی۔ رقص سیکھنے کے دوران وجینتی مالا ان کے رقص کے انداز سے بہت متاثر ہوئیں اور انہوں نے نیتو کو اپنی فلم 'سورج' میں چائلڈ آرٹسٹ کے طور پر کام کرنے کی پیشکش کی جسے انہوں نے بخوشی قبول کرلیا۔
ساٹھ کی دہائی میں نیتو سنگھ نے کئی فلموں میں چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کیا جن میں دس لاکھ، دو دونی چار، وارث، گھر گھر کی کہانی، پوِتر پاپی اور سنہ (انیس سو اڑسٹھ) 1968 میں آئی فلم 'دو کلیاں' قابل ذکر ہیں۔ دو کلیاں فلم میں نیتو سنگھ نے ڈبل رول ادا کیا تھا، جسے شائقین نے کافی پسند کیا۔
فلم میں ان پر فلمایا گایا نغمہ 'بچے من کے سچے' ناظرین اور سامعین کے درمیان آج بھی کافی مقبول ہے۔ اس کے علاوہ نیتو سنگھ نے مکمل اداکارہ کے طور پر اپنے فلمی کیریئر کا آغاز سال 1973 کی فلم 'ركشاوالا' سے کیا۔ اس فلم میں ان کے مقابل ہیرو کے طور پر رندھیر کپور تھے، کمزور اسکرپٹ اور ہدایتکاری کی وجہ سے فلم باکس آفس پر ناکام ثابت ہوئی۔
نیتو سنگھ کو ابتدائی کامیابی دلانے میں سنہ (انیس سو تہتر) 1973 میں ناصر حسین کی فلم 'یادوں کی بارات' کا اہم مقام ہے۔ اس فلم میں انہیں ایک چھوٹا سا کردار ادا کرنے کا موقع ملا تھا اور ان پر فلمایا گیا نغمہ 'لے كر ہم دیوانہ دل' ان دنوں سامعین کے درمیان کافی مقبول ہوا تھا جب کہ آج بھی یہ گیت سامعین کو محظوظ کردیتا ہے۔
يادوں کی بارات کی کامیابی کے باوجود نیتو سنگھ فلم انڈسٹری میں تقریباً دو سال تک جدوجہد کرتی رہیں۔ یقین دہانی تو سبھی کراتے لیکن انہیں اچھی فلموں میں کام کرنے کا موقع کوئی نہیں دیتا تھا۔ اس دوران نیتو سنگھ نے شطرنج کے مہرے، آشیانہ اور ہوس جیسی بی اور سی گریڈ کی فلموں میں اداکاری کی لیکن ان فلموں سے انہیں کوئی خاص فائدہ حاصل نہیں ہوا۔
سال (انیس سو پچہتر) 1975 میں آئی فلم 'کھیل کھیل میں' نیتو سنگھ کے فلمی کیریئر کی پہلی سُپر ہٹ فلم ثابت ہوئی۔ اس فلم میں ان کے ہیرو رشی کپور تھے۔ نوجوان محبت کی کہانی پر مبنی اس فلم کو ناظرین نے کافی پسند کیا اور فلم کی کامیابی کے ساتھ ہی نیتو سنگھ اداکارہ کے طور پر فلم انڈسٹری میں شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔
سال 1975 میں ہی نیتو سنگھ کو 'دیوار' اور 'رفوچكر' جیسی سُپر ہٹ فلموں میں بھی کام کرنے کا موقع ملا۔
فلم دیوار امیتابھ بچن اور ششی کپور پر مبنی تھی جب کہ فلم رفوچکر میں انہیں ایک بار پھر رشی کپور کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور یہ دونوں فلمیں باکس آفس پر سُپر ہٹ ثابت ہوئیں۔