21 مئی 1971 کو ممبئی میں پیدا ہوئے آدتیہ کے والد یش چوپڑا ایک مشہور فلمساز تھے۔ گھر میں فلمی ماحول ہونے کی وجہ سے آدتیہ کا رجحان بھی فلموں کی جانب ہوگیا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز اپنے والد کی بنائی ’چاندنی، لمحے اور ڈر‘ جیسی فلموں میں بطور معاون ہدایتکار کے طور پر کیا تھا۔
بطور ہدایتکار آدتیہ چوپڑا نے اپنے کیریئر کا آغاز 1995 میں آئی بلاک بسٹر فلم ’دل والا دلہنیا لے جائیں گے‘سے کیا تھا۔ اس فلم میں شاہ رخ خان اور کاجول کی جوڑی کو شائقین نے بہت پسند کیا۔ اس فلم کے لئے آدتیہ چوپڑا بہترین ڈائریکٹر کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازے گئے۔
سال 2000 میں آدتیہ چوپڑا نے اپنی دوسری فلم ’محبتیں‘ بنائی ۔ اس فلم میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنے پسندیدہ اداکار شاہ رخ کا انتخاب کیا ہے۔ فلم میں امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان کے درمیان محاذ آرائی دیکھنے لائق تھی۔ آدتیہ چوپڑا نے اس فلم میں اپنے بھائی ادے چوپڑا اور شمیتا شیٹی کو لانچ کیا۔ یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی۔
آدتیہ چوپڑا کی تیسری فلم ’رب نے بنادی جوڑی‘ بھی سپرہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم میں انہوں نے شاہ رخ کے اپوزٹ انوشکا شرما کو لانچ کیا۔ شائقین نے اس جوڑی کو بہت پسند کیا۔
اس دوران آدتیہ نے ’دل تو پاگل ہے، میرے یار کی شادی ہے، ہم تم، دھوم، ویر زارہ، بنٹی اور ببلی، سلام نمستے، دھوم ۔2، فنا، چک دے انڈیا، بینڈ باجا بارات، میرے برادر کی دلہن، عشق زادے، ایک تھا ٹائیگر، جب تک ہے جان، دھوم۔3، غنڈے جیسی کامیاب فلمیں بنائیں۔
سال 2016 میں تقریباً آٹھ برسوں بعد فلم ’بے فکرے‘ کے ذریعہ آدتیہ نے بطور ڈائریکٹر سے کم بیک کیا لیکن یہ فلم باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہیں دکھاسکی۔ اس کے بعد انہوں نے ’فین، اور سلطان جیسی فلمیں بنائیں۔ فلم سلطان نے باکس آفس پر 300 کروڑ سے زائد کی آمدنی کی، اس فلم میں سلمان خان اور انوشکا شرما کے اہم کردار ہیں۔
اس کے بعد انہوں نے ’ٹائیگر زندہ ہے، ہچکی، وار اور مردانی۔2 جیسی کامیاب فلمیں بنائیں۔ ان کی آنے والی فلموں میں پرتھوی راج، بنٹی اور ببلی ۔2 قابل ذکر ہیں۔