ہندی فلموں میں ہر طرح کے کردار کو حقیقت کا رنگ دینے والے مشہور اداکار آیوشمان کھرانہ بھوپال میں اب اپنی آئندہ فلم 'ڈاکٹر جی' کی شوٹنگ کے لیے تیار ہیں۔ اداکار 12 جولائی کو جھیلوں کے شہر بھوپال پہنچے اور وہ جلد ہی اپنی اس فلم کی شوٹنگ شروع کردیں گے جس کی ہدایتکاری انوبھوتی کشیپ کریں گے۔ اس فلم میں راکول پریت سنگھ بھی مرکزی کردار میں نظر آنے والی ہیں۔
آیوشمان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعہ مداحوں کو اپنی آئندہ فلم 'ڈاکٹر جی' کے حوالے سے جانکاری شیئر کی۔ آیوشمان نے اپنی اسٹوری میں ممبئی ایئرپورٹ میں لی گئی چند ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی آئندہ فلم 'ڈاکٹر جی' کے لیے بھوپال کا سفر طے کرنے والے ہیں۔ آیوشمان نے اس اسٹوری میں اپنے بھوپال پہنچنے کے سفر اور بھوپال کے ہوٹل میں ہوئے ان کے استقبال کی بھی تصویر شیئر کی جہاں وہ کچھ دنوں تک قیام کرنے والے ہیں۔
'ڈاکٹر جی' ایک کامیڈی ڈرامہ فلم ہے اور اس فلم کے ذریعہ ہدایتکار انوراگ کشیپ کی چھوٹی بہن انو بھوتی کشیپ بھی بطور ہدایتکار بالی ووڈ میں قدم رکھنے جارہی ہیں۔ اگر بات کریں کہ آیوشمان نے کیوں اس فلم کے لیے حامی بھری تو بتادیں کہ اداکار نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اس فلم کی اسکرپٹ پڑھتے ہی انہیں 'ڈاکٹر جی' کی کہانی سے محبت ہوگئی کیونکہ اس سے قبل ایسی کوئی فلم کبھی بنی ہی نہیں ہے۔