ملک کے دارالحکومت دہلی کا دل کہلانے والے چاندنی چوک میں تقریبا دو سال کے طویل انتظار کے بعد بالآخر فلموں کی شوٹنگ دوبارہ شروع ہو گئی۔ پیر کی صبح چاندنی چوک میں اکشے کمار کی فلم رکشابندھن کی شوٹنگ شروع ہوئی۔
فلم کی شوٹنگ کی جانکاری ملتے ہی چاندنی چوک میں لوگوں کا ہجوم امڑ پڑا ، حالانکہ صبح کا وقت ہونے کی وجہ سے زیادہ بھیڑ نہیں دیکھی گئی۔ لیکن ہمیشہ مصروف رہنے والی یہاں کی سڑکیں بھری ہوئی دکھائی دیں۔ وہیں بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے فلم کی شوٹنگ کے بارے میں خود ٹویٹ کرتے ہوئے یہ جانکاری دی ہے۔
اداکار اکشے کمار نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ آج صبح فلم رکشا بندھن کی سیٹ پر دوڑنے سے کئی پرانی یادیں تازہ ہوگئی۔ چاندنی چوک میری جائے پیدائش ہے۔ یہاں کے لوگوں سے ملنا اور بات کرنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔
واضح رہے کہ اداکار اکشے کمار کی پیدائش چاندنی چوک میں ہوئی ہے اور انہوں نے اپنی زندگی کے کچھ سال پراٹھا والی گلی میں گزارے ہیں۔
کورونا انفیکشن کی وجہ سے چاندنی چوک میں فلموں کی شوٹنگ پر پابندی لگا دی گئی تھی لیکن اب دارالحکومت دہلی میں کورونا انفیکشن کے کیسز کی تعداد ایک فیصد سے بھی کم رہ گئی ہے۔ اب آہستہ آہستہ زندگی کی گاڑی دوبارہ رفتار حاصل کرنا شروع کر دی ہے۔
فلم کی شوٹنگ کی اجازت دینے کے لیے نارتھ ایم سی ڈی نے ایک قرار داد منظور کی ہے۔ اس کے لیے نوٹیفکیشن بھی آچکا ہے ، لیکن فلم رکشابندھن کی شوٹنگ کے لیے نارتھ ایم سی ڈی سے کسی قسم کی اجازت نہیں لی گئی ہے۔ نہ ہی کارپوریشن کے پاس اس حوالے سے کوئی معلومات ہے۔ جانکاری کے مطابق فلم کی شوٹنگ کے پیش نظر آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا سے اجازت لی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:اکشے کمار کی والدہ کا انتقال
واضح رہے کہ حال ہی میں اکشئے کمار کی فلم ' بیل باٹیم' ریلیز ہوئی تھی، فلم میں اکشے کمار کی اداکاری کو خوب پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ مہاراشٹر میں 22 اکتوبر سے سنیما دوبارہ کُھل رہے ہیں اور ایک طویل انتظار کے بعد روہت شیٹی کی ہدایتکاری میں بنی فلم 'سوریہ ونشی' ریلیز ہونے جارہی ہے۔ سوریہ ونشی کے علاوہ اکشے کمار ' بچن پانڈے' ، پرتھوی راج'، 'رکشا بندھن'، ' رام سیتو' اور ' اترنگی رے ' میں نظر آئیں گے۔