سان فرانسسکو: اگر آپ کے پاس صرف ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ ہے اور آپ ایک سے زیادہ اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں تو آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیونکہ اب آپ چار فونز میں ایک ہی واٹس ایپ اکاؤنٹ (لاگ ان) استعمال کر سکتے ہیں۔ واٹس ایپ نے اپنے پلیٹ فارم پر وہ نیا فیچر شامل کیا ہے جس کا لوگ کافی عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔ متعدد ڈیوائس سپورٹ فیچر کی مدد سے آپ ایک سے زیادہ اسمارٹ فونز پر ایک ہی واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال کرسکتے ہیں۔ اس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے واٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے کہا کہ 'آج سے ایک ہی واٹس ایپ اکاؤنٹ میں چار فونز میں لاگ ان ہو سکتے ہیں۔'
ویسے تو واٹس ایپ ویب کی مدد سے آپ ایک ہی واٹس ایپ اکاؤنٹ کو موبائل اور پی سی (ڈیسک ٹاپ) یا اینڈرائیڈ ٹیبلیٹ دونوں میں استعمال کرسکتے ہیں لیکن اب یہ فیچر فونز کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔ کمپنی کے مطابق واٹس ایپ کا یہ فیچر چند ہفتوں میں تمام صارفین کےلیے دستیاب ہو گا۔ اس نئے فیچر میں آپ بیک وقت چار ڈیوائسز پر کسی بھی واٹس ایپ اکاؤنٹ میں لاگ ان کر سکیں گے۔ یہ تمام آلات آزادانہ طور پر کام کریں گے۔ نیز واٹس ایپ صارفین دیگر سیکنڈری ڈیوائسز پر بھی واٹس ایپ چلا سکیں گے یہاں تک کہ جب پرائمری ڈیوائس پر کوئی نیٹ ورک نہ ہو۔