کیپ کیناویرل: امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے آرٹیمس مشن کا پہلا اور اہم ترین مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔ اتوار کو اورین کیپسول نے میکسیکو کے قریب بحر الکاہل میں کامیابی کے ساتھ لینڈنگ کی۔ یہ خلائی جہاز گواڈیلوپ جزیرے کے قریب میکسیکو کے باجا کیلیفورنیا کے سمندر میں اترا۔ اورین کیپسول تقریباً 26 دن خلا میں گزارنے کے بعد زمین پر واپس آیا ہے۔ فضا میں داخل ہوتے وقت اس کی رفتار آواز کی رفتار سے 32 گنا زیادہ تھی۔ آرٹیمس مشن نہ صرف ناسا بلکہ عالمی خلائی سائنس کے لیے بھی اہمیت کا حامل ہے۔
ناسا کے لیے اورین کی کامیاب لینڈنگ بہت ضروری تھی، تاکہ وہ 2024 میں اپنی اگلی اورین پرواز کی تیاری شروع کرسکے۔ 2024 میں لانچ ہونے والی Artemis-2 کی پرواز میں چار خلابازوں کا عملہ شامل ہوگا۔ یہ عملہ کئی لحاظ سے خاص ہوگا کیونکہ تقریباً 50 سال بعد انسان چاند کے سب سے قریب ہوگا۔ بعد ازاں Artemis-3 کے تحت پہلی خاتون خلاباز چاند پر قدم رکھ کر تاریخ رقم کرے گی۔ اورین نے خلا سے چاند کی کچھ حیرت انگیز تصاویر زمین پر بھیجی ہیں۔
اورین خلائی جہاز 16 نومبر کو ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے روانہ ہوا تھا۔ اس نے زمین پر واپسی سے قبل چاند کے گرد میں تقریبا ہفتہ گزارا۔ دوسری اور آخری بار چاند کی سطح کے قریب جانے کے دوران اس کے کرو ماڈیول پر لگے کیمرے نے کچھ حیرت انگیز تصاویریں کھینچیں تھیں۔ ان تصاویر میں چاند کے گڈھے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ اورین کی کامیاب اور محفوظ لینڈنگ پر سائنس دانوں کو مکمل یقین تھا لیکن انہوں نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاریاں کر رکھی تھیں۔