نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت کے تیسرے قمری مشن چندریان -3 کو کامیابی کے ساتھ لانچ کیے جانے کے بعد ٹویٹ کرکے کہا کہ چندریان -3 بھارت کی خلائی مشن میں ایک نیا باب لکھتا ہے۔ یہ ہر بھارتی کے خوابوں اور عزائم کو آگے بڑھاتا ہے۔ یہ اہم کامیابی ہمارے سائنسدانوں کی انتھک لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ میں ان کے جذبے اور ذہانت کو سلام کرتا ہوں۔
اس سے قبل وزیراعظم نے ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ مشن بھارت کی امیدوں اور خوابوں کو آگے لے جائے گا۔ ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹویٹس میں مودی نے کہا کہ جہاں تک بھارت کے خلائی شعبے کا تعلق ہے، 14 جولائی 2023 ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ چندریان 3، ہمارا تیسرا قمری مشن، اپنا سفر شروع کرے گا۔ یہ شاندار مشن ہماری قوم کی امیدوں اور خوابوں کو آگے بڑھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مدار تک پہنچانے کے مخصوص اصول واعمال کی تکمیل کے بعد چندریان 3 قمری منتقلی ہیئتی راستے میں داخل کر دیا جائے گا۔ 300,000 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرتے ہوئے یہ آنے والے ہفتوں میں چاند تک پہنچ جائے گا۔ جہاز میں موجود سائنسی آلات چاند کی سطح کا مطالعہ کریں گے اور ہمارے علم میں اضافہ کریں گے۔ سائنس دانوں کے تئیں اظہار تشکر کرتے ہوئے مودی نے کہا، 'ہمارے سائنسدانوں کا شکریہ، بھارت کے خلائی شعبے میں بہت شاندار تاریخ ہے۔ چندریان -1 کو عالمی قمری مشنوں میں ایک سرخیل سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس نے چاند پر پانی کے مالیکیولز کی موجودگی کی تصدیق کی تھی۔ یہ دنیا بھر میں 200 سے زیادہ سائنسی مقالوں میں شائع ہوا تھا۔"