حیدرآباد: وائٹ ہاؤس نے وفاقی ایجنسیوں کو تمام سرکاری آلات سے 'ٹک ٹاک' کو مکمل طور پر ہٹانے کے لیے 30 دن کا وقت دیا ہے۔ ساتھ ہی کینیڈا نے بھی حکومت کے تمام موبائل آلات میں ڈاؤن لوڈ 'ٹک ٹاک' پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔ چین کی اس ویڈیو ایپ کے حوالے سے بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ فیصلے لیے گئے ہیں۔ امریکہ انتظامیہ کی جانب سے پیر کو جاری کردہ رہنما خطوط کو " ملک کی سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کی جانب ایک اہم قدم" قرار دیا گیا ہے۔
وزارت دفاع، وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سمیت کچھ ایجنسیاں پہلے ہی اس پر پابندی لگا چکی ہیں۔ نئی گائیڈ لائنز میں وفاقی حکومت کی باقی ایجنسیوں کو 30 دن کے اندر ٹک ٹاک کو مکمل طور پر بند کرنے کا کہا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے پہلے ہی 'ٹک ٹاک' کے استعمال پر پابندی عائد کردی تھی۔ TikTok، چینی انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی ByteDance Ltd کی ایک مقبول ایپ ہے جسے تقریباً دو تہائی امریکی نوجوان استعمال کرتے ہیں۔