پریاگ راج: اترپردیش میں ان دنوں ڈینگو کے معاملے میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ اس دوران ڈینگو کے مریضوں کے علاج میں لاپرواہی کا معاملہ بھی سامنے آرہا ہے۔ ایسا ہی ایک معاملہ پریاگ راج سے سامنے آیا ہے۔ جہاں ڈینگو سے مرنے والے ایک مریض کے رشتہ داروں کا الزام ہے کہ ایک پرائیویٹ اسپتال میں ان کی مریض کو پلیٹ لیٹس کی جگہ موسمی کا جوس دے دیا گیا۔ متوفی کے اہل خانہ نے اس معاملے کی شکایت پولیس اور محکمہ صحت کے حکام سے کی۔ اس کے بعد سی ایم او نے اسپتال پر کارروائی کرتے ہوئے ہسپتال کو سیل کرنے اور مریض کو دئے گئے پلیٹ لیٹس کی جانچ کرنے کا حکم دیا ہے۔ فی الحال مذکورہ اسپتال کو سیل کر دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ پریاگ راج کے دھومن گنج تھانہ علاقے میں واقع گلوبل اسپتال کی جپ جہاں ڈینگو کے ایک مریض کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ لواحقین کا الزام ہے کہ پرائیویٹ اسپتال میں پلیٹ لیٹس کے نام پر ان کے مریض کو موسمی کا جوس چڑھایا گیا۔ اس کے بعد مریض پردیپ پانڈے کی حالت بگڑ گئی، بعد ازاں متوفی کو دوسرے اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ ڈینگو سے متاثرہ پردیپ کو 17 اکتوبر کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ اس کے بعد 19 اکتوبر کو انہیں غلط پلیٹ لیٹس دیے گئے۔ جب کہ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریض کے لواحقین خود ہی پلیٹلیٹس لائے تھے۔