اردو صحافت کی دو سو سالہ تاریخ مکمل ہونے کے موقع پر جشن صحافت کے سلسلے میں حیدرآباد کے انتخاب کے بارے میں بتاتے ہوئے بزم صدف انٹرنیشنل کے چیرمین شہاب الدین احمد نے کہاکہ اردو کے پہلے گھر یعنی شہرِ محمد قلی قطب شاہ، حیدر آباد سے بہتر کوئی جگہ نہیں ہو سکتی تھی۔ یہ بات انہوں نے پروگرام کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے شہرِ حیدر آباد میں اِس تقریب کے انقعاد کو ایک دیرینہ خواب کی تعبیر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ تلنگانہ کے وزیرِ داخلہ محمود علی پروگرام کے مہمانِ خصوصی ہوں گے اور افتتاحی اجلاس کی صدارت ڈاکٹر ندیم ظفر جیلانی دانش (برطانیہ) کریں گے۔مہمانِ اعزازی کے طور پر محترمہ۔ایم ویجو لتھا(پرنسپل)، عظیم عباس (قطر)، ڈاکٹر ایس۔ ایم۔ نعمان(سابق صدر نشیں،آندھرا اردو اکادمی)، مسعود حساس(کویت) اور محترمہ رفعت جہاں (قطر) شامل ہوں گے۔200 years of Urdu journalism
بزمِ صدف انٹر نیشنل کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے تقریب ایوارڈکی تفصیل بتاتے ہوئے یہ واضح کیا کہ بزمِ صدف بین الاقوامی ایوارڈ(2019)پروفیسر مظفر حنفی کی خدمت میں پیش کیا جانا تھا مگر وہ اعلان کے بعد اللہ کو پیارے ہو گئے۔ اِس دوران وبائی صورتِ حال کے سبب 2020 اور2021 میں کسی عالمی تقریب کے انعقاد کی گنجائش نہیں تھی۔اِس لیے یہ مشترکہ ایوارڈ تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔انھوں نے بتایا کہ2020 کے لیے معروف ناول نگار پروفیسر غضنفر کو بین الاقوامی ایوارڈ پیش کیا جا رہا ہے۔بزمِ صدف نئی نسل ایوارڈ (2019)کے لیے ڈاکٹر ثروت زہرا (دوبئی)اور 2020 کے لیے پروفیسر ابو بکر عباد کو اِس موقعے سے ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔اردو زبان کی عمومی خدمات کے لیے محمد صبیح بخاری ایوارڈ برائے(2019) پروفیسر محمد محمود الاسلام(بنگلا دیش) کو اور2020 کے لیے اجے سحاب(چھتیس گڑھ) کو منتخب کیا گیا ہے۔پروفیسر قادری نے بتایا کہ2021 سے بزمِ صدف نے تین نئے ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا۔ڈاکٹر راہی فدائی(بنگلور) کو پروفیسر ناز قادری ایوارڈ برائے نعت گوئی، سہیل انجم(دہلی) کو اشرف قادری ایوارڈ برائے تاریخ نویسی اور حقانی القاسمی(دہلی) کوضیاء الدین احمد شاہد جمال ایوارڈ برائے ادبی صحافت اِس موقعے سے پیش کیے جا رہے ہیں۔
بزمِ صدف کے ڈائرکٹر پروفیسر صفدر امام قادری نے بتایا کہ بزمِ صدف اپنی دیرینہ روایات کے بہترین سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے،اِس ایوارڈ تقریب میں اپنی تازہ ترین مطبوعات کا اجرا بھی کر رہی ہے۔اُنھوں نے بتایا کہ ’صحافت: دو صدی کا احتساب‘ عنوان سے بزمِ صدف نے ایک ضخیم کتاب کی اشاعت کی ہے جس میں اردو صحافت کی دو صد سالہ تاریخ سمٹ کر آگئی ہے۔صفدر امام قادری، راج دیو کمار اور محمد مرشد صاحبان کی مرتَب کردہ752 صفحات کی اِس کتا ب میں مشاہیر نقادوں اور محققین کے 70 مضامین شامل ہیں۔اِس موقع پر بزم صدف نے ممتاز محقق ڈاکڑ محمد ذاکر حسین کی بہت جاں فشانی کے ساتھ تیار کردہ ’صحافت(کتابیات)‘ شائع کی ہے۔