انٹرنیٹ کی دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل ہندوستانی زبانوں کے مصنفین تک پہنچنے کے لئے اگلے تین ماہ کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں مصنفین کے ورک شاپ کا انعقاد کرے گا۔
گوگل نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ اگلے تین برسوں کے دوران 50 کروڑ سے زیادہ ہندوستانی انٹرنیٹ کا استعمال کررہے ہوں گے۔ یہ مقامی زبانوں کے مصنف کےلئے غیر معمولی موقع ہوگا اورانٹرنیٹ کے ذریعہ وہ اپنی پہنچ میں اضافہ کرسکیں گے اور اپنی زبان کو ثروت مند بناسکیں گے۔
گوگل نے گزشتہ برس 11 شہروں میں گوگل سرچ ورک شاپوں کا انعقاد کیا تھا۔ ان میں مختلف زبانوں کے پورے ملک سے 700 سے زیادہ مصنفین نے حصہ لیا تھا۔اس ورکشاپ کی کامیابی کے بعد گوگل اس سال پانچ ہندوستانی زبانوں بنگالی، ہندی، مراٹھی، تمل اور تیلگو میں مختلف شہروں میں 15 ورکشاپ کا انعقاد کرے گا۔
ان ورکشاپوں کا انعقاد جون سے اگست کے درمیان کیا جائے گا۔