بے خوف جرائم پیشہ افراد پٹرول پمپ کے ملازم کو معمولی کہا سنی میں گولی مار کر فرار ہوگئے، آناً فاناً میں ملازم کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس نے دم توڑ دیا۔
اس واقعہ کے بعد سے ارریہ شہر میں دہشت ہے اور پولس کی ناک کے نیچے انجام دی گئی اس واردات سے لوگ خوفزدہ ہیں۔
معمولی کہا سنی پر پیٹرول پمپ ملازم کا گولی مار کر قتل معاملہ شہر کے اے ڈی بی چوک پر واقع کے جی این پٹرول پمپ کا ہے اور یہ پیٹرول پمپ سابق ضلع پریشد و آر جے ڈی رہنما حیدر یاسین عرف بابا کا ہے۔
معلومات کے مطابق دیر شب تقریباً 12 بجے موٹر سائیکل پر سوار تین لوگ پٹرول پمپ پر اپنی بائک میں پیٹرول بھروانے کے لیے آئے۔
پٹرول لینے کے بعد بائک سوار نے ملازم کو بعد میں چند پیسے ادا کرنے کے لیے کہا جس پر پٹرول دینے والا ملازم طارق اور موٹر بائک واروں کے درمیان بحث ہوگئی۔
اسی دوران ان میں سے ایک شخص نے جیب سے پستول نکال کر قریب سے طارق کے سینے میں گولی مار دی اور گولی طارق کے سینے کے پار ہوگئی، اس واردات کو انجام دینے کے بعد بائک سوار ملزمین فرار ہوگئے۔
گولی کی آواز سے پٹرول پمپ کے دیگر ملازم طارق کی جانب دوڑے اور خون میں لت پت طارق کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران طارق نے دم توڑ دیا۔
حالانکہ پوری واردات پمپ پر نصب سی سی ٹی وی فوٹیج میں قید ہوگئی اور اسی بنأ پر پولیس ملزمین کی تلاش کررہی ہے۔ مقامی پولیس نے لاش اپنے قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کردیا ہے۔
واقعہ کے بعد پورنیہ کمشنری کے آئی جی ونود کمار ارریہ پہنچے اور اس معاملے کی معلومات حاصل کی اور معاملے میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ مقتول طارق گزشتہ کئی برسوں سے مذکورہ پیٹرول پمپ پر کام کررہا تھا اور اپنے گھر میں سب سے چھوٹا تھا، واقعہ کے بعد طارق کے گھر میں ماتم کا ماحول ہے۔