ٹوکیو: یوکرین کے صدر جمہوریہ ولادیمیر زیلنسکی نے جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا کا جی سیون سربراہی کانفرنس میں بطور آن لائن حصہ لینے کی دعوت قبول کر لی ہے۔ کیودو خبر رساں ایجنسی نے کیشیدا کے حوالے سے کہا کہ جی سیون کے سربراہ کے طور پر ہم عالمی نظام کی حفاظت کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہم سربراہی کانفرنس میں واضح پیغام دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ کشیدا نے منگل کو یوکرین کا دورہ کرکے زیلینسکی سے ملاقات کی تھی۔ قبل ازیں کشیدا جی7 ممالک کے واحد سربراہ مملکت تھے جنہوں نے ابھی تک زیلینسکی سے ذاتی طور پر ملاقات نہیں کی تھی۔
یوکرین کے دارالحکومت کیف کے دورے کے دوران جاپان کے وزیر اعظم نے بجلی کی صنعت اور دیگر انسانی ضروریات کے لیے 470 ملین ڈالر کی مفت امداد الاٹ کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان نیٹو فنڈ کے ذریعے غیر مہلک آلات کے لیے یوکرین کو 30 ملین ڈالر بھی مختص کرے گا۔ یوکرین کے دورے کے بعد کشیدا پولینڈ واپس پہنچ گئے جہاں وہ بدھ کو اس کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ جاپان نے اس سال جی سیون کی صدارت کر رہا ہے اور رواں برس 19 سے 21 مئی تک ہیروشیما میں جی 7 چوٹی کانفرنس منعقد ہوگا۔