سڈنی: آسٹریلیا کی مغربی ریاست کے ایک قصبے ٹو راکس میں 15 سالہ ایک نوجوان کو سیکنڈری اسکول کی پارکنگ میں فائرنگ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مغربی آسٹریلیا کی پولیس فورس نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ پولیس فورس نے بتایا کہ افسران کو بدھ کے روز بریک واٹر ڈرائیو پر واقع اسکول میں بلایا گیا تھا ،تبھی ایک نامعلوم نوجوان ا اپنی کار میں سوار ہوکر آیا اور اس نے پارکنگ میں فائرنگ کردی۔ پولیس نے بتایا کی اس واردات کی اطلاع ملنے پر فوراً ان کی ٹیم موقع پر پہنچی اور نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کمشنر کرنل بلانچ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ کرنل بلانچ نے کہا کہ جب میں نے مغربی آسٹریلیا میں ایک نوجوان کے ہاتھوں گولی چلائے جانے کی خبر سنی تو میں حیران رہ گیا کہ یہاں ایسا ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوان لڑکے پر الزام ہے کہ اس نے تین گولیاں چلائیں، جن میں سے ایک گولی اسکول کی عمارت پر لگی۔ کرنل بلانچ نے کہا کہ ملزم لڑکا اس اسکول کا سابق طالب علم ہے۔ اس واقعے کے بعد اس کے پاس سے دو رائفلیں ضبط کی گئیں جو اس کے گھر کے لیے لائسنس یافتہ تھیں۔ فی الحال نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس معاملے میں مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ مئی کے پہلے ہفتے میں سربیا کے دارالحکومت بلگراد میں فائرنگ کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ اسکول میں فائرنگ سے آٹھ بچے اور ایک سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ کرنے والا ایک 14 سالہ ساتویں جماعت کا طالب علم تھا۔