لندن: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے یوکرین کے خلاف روسی حملے کا بہادری سے سامنا کرنے والے بچوں کو خط لکھ کر ان کی ہمت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کے بچوں کی بہادر اور خودداری پوری دنیا کے لئے ایک مثال ہے ۔ بچوں کی بہادری کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ یہاں برطانیہ میں ہم آپ کو اور آپ کی ہمت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے خط میں امید ظاہر کی، ’’کسی اور سال میں آپ بھی اپنی زندگی کے عام دنوں کی طرح گھر سے باہر نکلیں گے تاکہ اپنے دوستوں کے ساتھ کھیلیں، فٹبال کے پیچھے بھاگیں اور اپنی زندگی کے کچھ بے فکر لمحات گزاریں۔‘‘
بورس جانسن خط میں مزید لکھا کہ ’’آپ میں سے بہت سے لوگوں نے ایسی چیزیں دیکھی یا تجربہ کی ہیں جنہیں کسی بچے کو نہیں دیکھنا چاہیے، لیکن یوکرین کے بچے ہمیں ہر روز سکھا رہے ہیں کہ مضبوط اور عزت نفس کا کیا مطلب ہے۔ ہو سکتا ہے آپ گھر سے دور ہوں اور اپنے دوستوں سے دور ہوں، لیکن دنیا بھر میں آپ کے لاکھوں دوست ہیں۔ ‘‘