انقرہ: آذربائیجان کے صدر الہام علی یف نے قاہرامان مراش کی تحصیل پازارجیک اور مجموعی طور پر 10 شہروں کو متاثر کرنے والے 7.8 شدت کے ہولناک زلزلے کے بعد ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کو تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔ آذربائیجانی ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق علی یف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ "قاہرامان ماراش میں آنے والے زلزلے کہ جس کے اثرات برادر ملک ترکیہ کے بیشتر علاقوں میں محسوس کیے گئے، کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان کی خبروں نے ہمیں دلی صدمہ پہنچایا ہے۔ اس مشکل وقت میں ہم ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہیں، ہم آپ سے، اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے لواحقین اور اعزہ و اقارب اور برادر ترک عوام سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی فی الفور شفایابی کے لیے دعا گو ہیں۔ آذربائیجان کے وزیر دفاع ذاکر حسان نوف نے بھی وزیرِ دفاع خلوصی آقار کو زلزلے میں اموات پر تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔
شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے صدر ایرسین تاتار نے بھی کہا کہ قبرصی ترک عوام ترکیہ کے درد میں برابر کے شریک ہیں، ہماری دعا ہے کہ اس قدرتی آفت میں جانی نقصان کم سے کم ہو۔ ہمیشہ ترکیہ کے ساتھ تعاون کی حالت میں ہونے کا اظہار کرنے والے تاتار نے کہا، "میں اپنی اور شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے شہریوں کی طرف سے انتہائی دکھ و درد اور افسوس کے ساتھ پیغام دیتا ہوں کہ اللہ کریم ہم سب پر رحم کرے اور زخمیوں کو فی الفور صحت یاب فرمائے۔
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی ٹویٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ " ترکیہ کے جنوب مشرقی علاقوں کو متاثر کرنےو الے اس شدید زلزلے کی اطلاع نے ہمیں گہرا دکھ پہنچایا ہے۔ جانی و مالی نقصان کی بنا پر میں برادرم صدر رجب طیب اردوغان اور برادر ترک عوام سے دل کی گہرائیوں سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔ انہوں نے یاد دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ ہر مشکل گھڑی میں ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کی جانب اپنا امدادی ہاتھ بڑھایا ہے، پاکستان بھی اس مشکل وقت میں ہر ممکنہ امداد فراہم کرے گا۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی حالت میں ہے اور اسلام آباد امدادی امور میں ممکنہ حد تک ہاتھ بٹائے گا۔
قازقستان کے صدر قاسم جومرت توکایف نے بھی صدر اردوغان کو زلزلے میں جان سے ہاتھ دھونے والوں کے لیے تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔ توکایف نے کہا کہ قازقستان ترکیہ کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ روسی صدر ولا دیمیر پوتن نے بھی زلزلے میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے لیے صدر اردوغان کو ایک ٹیلی گراف بھیجا ہے۔ پوتن نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ "آپ کے ملک میں زلزلے سے بھاری جانی نقصان اور وسیع پیمانے کی تباہ کاریوں کی بنا پر ہمیں دلی افسوس ہوا ہے۔ میں آپ سے مرنے والوں کے لواحقین اور رشتہ داروں تک اپنے دکھ اور حمایت کا اظہار کرتا ہوں، اور آفت کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔ ہم اس سلسلے میں ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔"
یہ بھی پڑھیں: