کیف: یوکرین کی سیکیورٹی فورسز نے اس خاتون کو حراست میں لے لیا ہے جس پر روس کی مدد سے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے قتل کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق رپورٹ کے مطابق ملزمہ میکولائیو کے علاقے کے چھوٹے سے جنوبی قصبے اوچاکیو کی رہائشی ہے جو وہاں ایک فوجی اڈے پر ایک دکان میں بھی کام کر چکی ہے اور اس پر الزام ہے کہ اس نے مقامات کی تصویر کشی کی اور علاقے میں اپنے ذاتی رابطوں کے ذریعے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی۔
اسٹیٹ سکیورٹی سروس حکام نے بتایا کہ خاتون کو اس وقت پکڑا جب اس نے روسی انٹیلی جنس سروسز کو انٹیلی جنس ڈیٹا پہنچانے کی کوشش کی۔ اس سے قبل افسران اس کے روسی انسٹرکٹرز اور اس کے مشن کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے اس کی نگرانی کرتے رہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق خاتون نے روس کی مدد سے صدر ولادیمیر زیلنسکی پر مبینہ حملے کی منصوبہ بندی میں مدد کی تھی جب وہ جون میں ڈیم میں شگاف کی وجہ سے سیلاب زدہ علاقے کا دورہ کر رہے تھے۔