کویت سٹی: کویت کے وزیر خارجہ شیخ سالم عبداللہ الجابر الصباح نے اتوار کے روز کہا کہ کویت اس وقت تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار نہيں کرے گا جب تک بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق فلسطینی ریاست قائم نہ ہو جائے۔ انہوں نے یہ تبصرہ وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ دوستانہ، برادرانہ اور اتحادی ممالک کے ساتھ تعلقات قائم کرکے بیرون ملک کویت کی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانا ان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ واضح طور پر مسئلہ فلسطین ہمارا پہلا بنیادی مسئلہ ہے اور کویت کبھی بھی اپنے موقف سے نہیں ہٹا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے خلاف شروع کی گئی جنگی کارروائی دفاعی نہیں بلکہ انتقامی ہے۔
کویتی وزیر خارجہ نے غزہ میں فوری طور پر جنگ کے خاتمے، محصور علاقے کو امداد فراہم کرنے اور 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے ساتھ مسئلہ فلسطین کے حل پر زور دیا۔