نئی دہلی: چینی وزیر دفاع کے بیان پر میڈیا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے، آسٹن نے کہا کہ ہم انڈو پیسیفک میں نیٹو کے قیام کی قطعی کوشش نہیں کر رہے ہیں۔ ہم، ہم خیال ممالک کے ساتھ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام جاری رکھیں گے کہ خطہ آزاد اور کھلا رہے تاکہ تجارت ترقی کر سکے اور خیالات کا تبادلہ ہوتا رہے اور ہم اس کام کو جاری رکھیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یقینی طور پر بھارت اور ہم ایک آزاد اور کھلے ہند بحرالکاہل کے وژن کا اشتراک کرتے ہیں۔
دراصل امریکی وزیر دفاع کا یہ بیان چین کے نیٹو سے متعلق حالیہ بیان کے ردعمل میں سامنے آیا ہے۔ سنگاپور میں شنگریلا ڈائیلاگ سیکورٹی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیر دفاع لی شانگ فو نے ایشیا پیسیفک میں نیٹو جیسے فوجی اتحاد کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے اقدامات سے خطے کو تنازعات کے بھنور میں ڈال دیا جائے گا۔ امریکی وزیر دفاع آسٹن اتوار کو بھارت پہنچے اور وہ اس وقت چار ممالک کے دورے پر ہیں۔ جاپان اور سنگاپور کے دورے کے بعد بھارت ان کا تیسرا پڑاؤ ہے۔