حیدرآباد: مرکزی وزیر خارجہ ایس جے شنکر برطانیہ کے پانچ روزہ سرکاری دورہ پر ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے برطانوی وزیراعظم رشی سنک سے دیوالی کے موقع پر ملاقات کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک کو بھارت کے عظیم بلے باز ویراٹ کوہلی کے دستخط شدہ بیٹ تحفے میں پیش کیا۔ ایس جے شنکر اپنے دورہ برطانیہ کی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں رشی سنک کو تحفے میں دیا ہوا بیٹ قابل احترام طریقے سے پکڑے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
تحفے میں دیا ہوا بیٹ کون سا تھا؟ یہ ایک ایم آر ایف کا بیٹ تھا جس کے ساتھ ویراٹ کوہلی کا معاہدہ ہے جس کی وجہ سے ویراٹ کوہلی اسی نام کے بیٹ سے کھیلتے ہیں۔ مرکزی وزیر جے شنکر نے اسی بیٹ کو برطانیہ کے پہلے ہندو وزیر اعظم کو بطور تحفہ پیش کیا ہے۔ بیٹ پر پہلے سے ہی سابق بھارتی کپتان کے دستخط موجود تھے۔ وزیر اعظم رشی سنک نے اتوار کی شام ڈاؤننگ اسٹریٹ پر ڈاکٹر ایس جے شنکر کا خیرمقدم کیا۔
کوہلی کی دیوالی: جس وقت لندن میں برطانیہ کے وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں برطانوی وزیراعظم کو کوہلی کا دستخط شدہ بیٹ بطور تحفہ دیا جارہا تھا اسی وقت کوہلی میدان میں شائقین کی درخواست پر گیندبازی کر رہے تھے۔دراصل کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں اتوار کی شام کوہلی نے نیدرلینڈ کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز کو آوٹ کر دیا۔ جو کہ جنوری 2014 کے بعد کوہلی کی پہلی ون ڈے وکٹ تھی اور ون ڈے فارمیٹ میں ان کی مجموعی طور پر پانچویں وکٹ تھی۔ بلے کے ساتھ بھی ویراٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری مکمل کرتے ہی آوٹ ہوگئے جس کے ساتھ وہ ریکارڈ 50 ویں سنچری کا خواب پورا نہیں کرسکے۔