واشنگٹن: پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر ذاتی تبصرہ کرنے پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ واشنگٹن، نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان تعمیری بات چیت کا خواہش مند ہے لفظی جنگ کا نہیں۔US Relations with India Pakistan
نیڈ پرائس نے پیر کو واشنگٹن میں اپنی بریفنگ میں کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ہماری دونوں ممالک کے ساتھ کثیر جہتی تعلقات ہیں، ہم یقینی طور پر بھارت اور پاکستان کے درمیان لفظوں کی جنگ نہیں دیکھنا چاہتے۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان تعمیری بات چیت دیکھنا چاہتے ہیں اور ہمارے خیال میں یہ دونوں کی بہتری کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اختلافات ختم کرنے کی ضرورت ہے اور امریکا شراکت دار کے طور پر دونوں کی مدد کرنے کو تیار ہے۔ اس سے قبل بھارت نے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں پڑوسیوں کے درمیان مسائل دو طرفہ ہیں جن میں تیسرے فریق کی شمولیت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔