واشنگٹن: امریکی سینیٹ کے اراکین نے گن کنٹرول US Gun Control کے معاملے پر ایک مسودے کا اعلان کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ بی بی سی نے پیر کو اپنی رپورٹ میں یہ معلومات دی۔امریکہ میں فائرنگ کے تیزی سے بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف سڑکوں پر آنے والے ہزاروں افراد کے احتجاج کے پیش نظر اس اقدام پر غور کیا جا رہا ہے۔
ان نئے اقدامات کے تحت 21 سال سے کم عمر کے بندوق خریدنے والوں کے پس منظر کی سخت جانچ کی جائے گی اور بندوق کی غیر قانونی خریداری پر لگام لگائی جائے گی۔ اس تجویز کو ریپبلکن پارٹی کے دس اراکین پارلیمنٹ کی حمایت ملی، جو کافی معنی رکھتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب اس قرارداد کو پاس کرنے اور اسے قانونی شکل دینے کے لئے ووٹرز کی کافی تعداد موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
Mass Protests Against Gun Violence in US: امریکہ میں گن کلچر کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے
Donald Trump on Texas School Firing: امریکہ یوکرین کے بجائے اپنے اسکولوں کی سکیورٹی فنڈنگ پر توجہ دے، ٹرمپ
اس سے قبل صدر جو بائیڈن نے بھی امریکی کانگریس سے ہتھیاروں پر پابندی لگانے، خریداری سے قبل بیک گراونڈ کی جانچ مزید پختہ بنانے اور موثر گن کنٹرول اقدامات کو نافذ کرنے کی اپیل کرچکے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اسالٹ رائفلز پر پابندی کی بھی سفارش کی ہے، جس کا استعمال ٹیکساس اور بفیلو میں اجتماعی فائرنگ میں کیا گیا تھا۔
بندوق پر پابندی لگانے کی تمام سابقہ کوششیں امریکی کانگریس میں خاطر خواہ حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ اس دوران بندوقوں پر پابندی کے ساتھ ساتھ سینیٹ کے ارکان نے دماغی صحت کے پروگراموں کو بہتر بنانے اور اسکولوں کے تحفظ کے لیے کوششوں کو فروغ دینے کی بات بھی کی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکہ میں مارچ فار آور لائیوز کے زیر اہتمام واشنگٹن ڈی سی سمیت ملک بھر کے شہروں میں بندوق کے تشدد کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔