نئی دہلی: جی 20 وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جمعرات کو نئی دہلی میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ ایک مختصر ملاقات کی۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زرخووا کے مطابق، امریکی وزیر خارجہ بلنکن نے جی 20 اجلاس کے دوسرے دوسرے سیشن کے دوران وزیرخارجہ لاوروف سے رابطہ کے لیے کہا اور پھر ان کا رابطہ ہوا۔ ایک سال قبل روس اور یوکرین کے درمیان تنازع شروع ہونے کے بعد سے دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان یہ پہلی آمنے سامنے ملاقات تھی۔ اس جنگ نے امریکہ کی قیادت میں مغربی ممالک اور روس کے درمیان کشیدگی کو جنم دیا۔
واشنگٹن پوسٹ نے اس بات چیت سے واقف محکمہ خارجہ کے ایک سینئر اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 10 منٹ سے بھی کم وقت کی گفتگو کے دوران، بلنکن نے روس پر زور دیا کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے معاہدے کو معطل کرنے کے اپنے فیصلے کو واپس لے اور امریکی شہری پال وہیلن کی رہائی کے لیے امریکی تجویز کو قبول کریں۔جو 2018 کے اواخر سے زیر حراست ہیں۔ بلنکن نے لاوروف کو بتایا کہ جوہری معاہدہ دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سلامتی کے مفاد میں ہے، کیونکہ دنیا ہم سے توقع رکھتی ہے کہ جب جوہری سلامتی کا معاملہ ہو تو ہم ذمہ داری سے برتاؤ کریں۔امریکی اخبار نے رپورٹ کیا کہ بلنکن نے یوکرین کی امن تجویز کے لیے واشنگٹن کی حمایت کی بھی تصدیق کی جو تجویز ملک کی علاقائی سالمیت کو برقرار رکھتی ہے۔