واشنگٹن ڈی سی: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اتوار کے روز کہا کہ روسی صدر اور ویگنر گروپ کے درمیان تنازع نے ولادیمیر پوتن کی حکومت میں حقیقی دراڑ کو بے نقاب کر دیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ جانتے ہیں کہ یوگینی پریگوژن اپنا منصوبہ منسوخ کر دے گا۔ اس پر بلنکن نے کہا کہ میں نہیں جانتا لیکن مجھے یقین ہے کہ پوتن اور ویگنر کے درمیان جو کچھ ہوا ہے، وہ آنے والے دنوں میں سامنے آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ درحقیقت یہ روسی کا اندرونی معاملہ ہے جس پر پوری دنیا کی نظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گذشتہ کئی مہینوں کے دوران روس میں بڑھتی ہوئی کشیدگی دیکھی ہے جس کی وجہ سے ایسا ہوا ہے لیکن ہمیں نہیں معلوم کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دو تین دنوں میں جو کچھ بھی ہوا ہے، ایک بار پھر پوتن حکومت کو براہ راست چیلنج کا سامنے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیال کیا جا رہا ہے کہ یوکرین یا نیٹو نے کسی نہ کسی طرح روس کے لیے خطرہ پیدا کر دیا ہے، جس کے لیے اسے فوجی طور پر نمٹنا ہو گا۔ ہفتہ کی صبح ویگنر کے سربراہ یوگینی پریگوژن نے ایک ٹیلی گرام پوسٹ میں اعلان کیا کہ ان کے جنگجو یوکرین سے سرحد عبور کر کے جنوبی روس میں داخل ہو گئے ہیں اور روسی فوج کے خلاف بغاوت کے لیے تیار ہیں۔ حالانکہ بعد میں بیلاروس کی مداخلت سے ماسکو اور ویگنر کے درمیان سمجھوتہ ہو گیا اور ویگنر کے جنگجو اپنے کیمپوں میں واپس چلے گئے۔