واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن بھارت کا دورہ کرنے کے لیے بالکل تیار ہیں اور وہ نئی دہلی میں جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بہت پرجوش بھی ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے سینئر عہدیداروں نے یہ اطلاع دی۔ اپنے بھارت دورے کے دوران بائیڈن کوویڈ 19 کے روک تھام کے رہنما خطوط پر عمل بھی کریں گے۔ چونکہ امریکہ کی خاتون اول جل بائیڈن پیر کو کورونا وائرس سے متاثر پائی گئیں تھیں۔ جل بائیڈن کے کوویڈ سے متاثرہ پائے جانے کے بعد 80 سالہ صدر بائیڈن کا پیر اور منگل کو کورونا انفیکشن کا ٹیسٹ کیا گیا تاہم ان جانچ رپورٹ منفی آئی ہے۔
وائٹ ہاؤس نے کہا کہ صدر بائڈن کے دو کوویڈ ٹیسٹوں میں انفیکشن کی تصدیق نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے ان کے بھارت کے سفری منصوبوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ صدر بائیڈن جمعہ کی شام نئی دہلی پہنچیں گے اور پھر اسی رات وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ جی 20 سربراہی اجلاس کے دوران مودی اور دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ بائیڈن کی ملاقاتیں اور بات چیت کوویڈ پروٹوکول کے تحت ہوگی۔ کوویڈ رپورٹ مثبت آنے کے بعد سے ہی خاتون اول جل بائیڈن ڈیلاویئر میں اپنی رہائش گاہ میں تنہائی میں ہیں اور صدر کے ساتھ بھارت اور ویتنام کا سفر نہیں کر رہی ہیں۔