نئی دہلی: امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن اتوار کو سنگاپور سے بھارت پہنچے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط کیا جاسکے۔ ان کی آمد پر بھارت میں امریکی سفیر ایرک گارسیٹی نے پینٹاگون چیف کا استقبال کیا۔ لائیڈ آسٹن اپنے چار ملکی دورے کے تیسرے مرحلے کا آغاز بھارت پہنچ کر کیا ہے۔ ٹویٹر پر امریکی وزیر دفاع نے لکھا کہ میں اپنی اہم دفاعی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے بارے میں بات چیت کے لیے اہم رہنماؤں سے ملاقات کے لیے بھارت آرہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ساتھ مل کر ہم آزاد اور کھلے ہند-بحرالکاہل کے لیے مشترکہ وژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
لائیڈ آسٹن کا نئی دہلی دورہ، بھارت امریکہ نئی دفاعی اختراعات اور صنعتی تعاون کے اقدامات کو آگے بڑھانے اور امریکہ اور بھارتی فوجوں کے درمیان آپریشنل تعاون کو وسعت دینے کی کوششوں کو جاری رکھنے پر توجہ مرکوز کرے گا۔ پینٹاگون نے وزیر دفاع کے دورے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سنگاپور کے بعد، سکریٹری آسٹن وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کے لیے نئی دہلی جائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے جون میں وائٹ ہاؤس کے آئندہ ریاستی دورے کے پیش نظر یہ دورہ خاص اہمیت کا حامل ہے۔ آسٹن نے سنگاپور میں شنگری لا ڈائیلاگ میں شرکت کی اور ان کا پہلا پڑاؤ ٹوکیو میں تھا جہاں انھوں نے جاپانی وزیر دفاع یاسوکاسو ہماڈا اور دیگر سینئر رہنماؤں سے ملاقات کی اور جاپان میں تعینات امریکی فوجیوں کا دورہ کیا۔ بعد میں جاپان سے وہ سنگاپور گئے، جہاں انہوں نے سنگاپور میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز (IISS) کے 20ویں شنگری لا ڈائیلاگ میں خطاب کیا۔