واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن کے بیان کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں یہ تازہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب گزشتہ روز امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی روزانہ کی نیوز بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان ویدانت پٹیل سے صدر جو بائیڈن کے ریمارکس کے بعد پیدا ہونے والے شکوک و شبہات سے متعلق سوال کیا۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے سفیر مسعود خان اور قونصلر ڈیرک شولیٹ کے درمیان ملاقات کے بعد واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’امریکہ کو پاکستان کے عزم اور جوہری اثاثوں کو محفوظ بنانے کی صلاحیت پر اعتماد ہے‘۔US confident in Pakistan ability
ویدانت پٹیل نے کہا کہ ’امریکہ نے ہمیشہ ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھا ہے اور پاکستان کے ساتھ امریکہ کے دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے‘۔ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری ہے، پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حال ہی میں واشنگٹن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکریٹری انٹونی بلنکن سے ملاقات بھی کی‘۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ یو ایس ایڈ کے ایڈمنسٹریٹر سیم پاور کے علاوہ ڈیرک شولیٹ نے بھی سیلاب کے دوران کراچی اور اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔
ویدانت پٹیل نے مزید کہا کہ ’امریکی اور پاکستانی حکام باقاعدگی سے ملاقات بھی کرتے ہیں، لہٰذا یہ ایک ایسا تعلق ہے جسے ہم اہم سمجھتے ہیں اور آئندہ بھی اس سے مضبوطی سے جڑے رہیں گے‘ لیکن جب صحافی نے صدر جوبائیڈن کے ریمارکس کے بارے میں اپنے سوال کے جواب پر اصرار کیا تو انہوں نے کہا کہ ’میری اس بارے میں کوئی خصوصی گفتگو نہیں ہوئی لیکن امریکہ کو پاکستان کے عزم اور جوہری اثاثے محفوظ رکھنے کی صلاحیت پر اعتماد ہے‘۔