واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پاکستان میں قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی کے ردعمل میں گرجا گھروں پر حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ امریکہ نے پاکستانی حکام پر زور دیا کہ وہ اقلیتوں پر حملے کے الزام کی تحقیقات کرائے اور پرامن آزادی اظہار کی حمایت کرے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ تشدد کا سہارا لینا یا دھمکیوں کا استعمال کبھی بھی اظہار رائے کی آزادی کی قابل قبول شکل نہیں ہے۔ ان کا یہ بیان پاکستان کے فیصل آباد کے ضلع جڑانوالہ میں بدھ کے روز توہین مذہب کے الزامات پر متعدد گرجا گھروں میں توڑ پھوڑ کے بعد آیا ہے۔ پاکستان میں مسیحی شخص پر قرآن کی بے حرمتی کے الزام کے بعد کئی گرجا گھروں میں توڑ پھوڑ کی گئی اور تشدد برپا کیا گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے ریاستی بریفنگ میں کہا کہ " ہمیں گہری تشویش ہے کہ پاکستان میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعہ کے جواب میں گرجا گھروں اور رہائشی مکانات کو نشانہ بنایا گیا، ہم پرامن آزادی اظہار اور ہر ایک کے لیے مذہب اور عقیدے کی آزادی کے حق کی حمایت کرتے ہیں، اور جیسا کہ ہم نے پہلے کہا ہے، ہم ہمیشہ مذہبی طور پر محرک تشدد کے واقعات پر فکر مند رہتے ہیں"۔ پٹیل نے کہا کہ تشدد یا تشدد کی دھمکی دینا کبھی قابل قبول نہیں ہے، ہم پاکستانی حکام سے ان الزامات کی مکمل تحقیقات کرنے اور تمام افراد سے پرسکون رہنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔