واشنگٹن: امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے بھارت میں مذہبی آزادی پر سماعت کرے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر جو بائیڈن کے درمیان دو کامیاب دو طرفہ ملاقاتوں کے بعد کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ یہ سماعت اس بات پر توجہ مرکوز کرے گی کہ امریکی حکومت مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے لیے بھارتی حکومت کے ساتھ کس طرح کام کر سکتی ہے۔
کمیشن نے کہا کہ گزشتہ دہائی کے دوران بھارتی حکومت نے مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے والی امتیازی پالیسیوں کو نافذ کیا ہے اور ان پر عمل بھی کیا ہے۔ ان میں مذہب تبدیلی مخالف قوانین، گائے کے ذبیحہ سے متعلق قانون، مذہب کی بنیاد پر شہریت کو ترجیح دینے والے قوانین اور شہری اداروں کے لیے غیر ملکی فنڈنگ پر پابندی شامل ہیں۔ کمیشن نے مزید کہا کہ جولائی میں ہریانہ میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان تشدد کا پھیلنا اور منی پور میں عیسائی اور یہودی اقلیتوں کے خلاف حملے، جو بھارت میں مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد کو کم کرنے کے لیے نئی حکمت عملیوں پر بات کرنے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی کمیشن کی سماعت میں اقلیتی مسائل کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے فرنینڈ ڈی ویرنس کے ساتھ کانگریس (امریکی پارلیمنٹ) کی لاء لائبریری کے غیر ملکی ماہر قانون طارق احمد، ہیومن رائٹس واچ کی واشنگٹن ڈائریکٹر سارہ یاگر، ہندوس فار ہیومن رائٹس کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سنیتا وشواناتھ اور جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے پروفیسر عرفان نورالدین کو گواہی دینے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔