نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے خیبرپختونخوا دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے حکومت پاکستان اور جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ سلامتی کونسل کی طرف سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ سلامتی کونسل نے کہا ہےکہ تمام متعلقہ ممالک مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں پاکستان سے تعاون کریں، دہشتگردی کی کوئی بھی کارروائی مجرمانہ، بلاجواز اور قابل مذمت ہے۔
خیبرپختونخوا میں حالیہ دنوں میں دہشتگردی کا تازہ حملہ باجوڑ میں ہوا جہاں جے یو آئی (ف) کی کارنر میٹنگ میں خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 54 افراد شہید اور 80 سے زائد زخمی ہوئے۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباس نے اس حوالے سے بتایا کہ جے یو آئی کا جلسہ دوپہر 2 بجے شروع ہوا اور دھماکا 4 بجکر 10 منٹ پر ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ موقع سے بال بیرنگ وغیرہ ملے ہیں، دھماکا خود کش تھا اور حملہ آور گروپ کی شناخت ہوئی ہے، دھماکہ میں کوئی خاص ٹارگٹ تھا۔