اردو

urdu

ETV Bharat / international

UNGA Resolution اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں اردن کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی اور انسانی امداد کی رسائی سے متعلق قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔ یہ قرارداد 22 عرب ممالک کی نمائندگی کررہی تھی۔ Hamas Israel War

UNGA Resolution
UNGA Resolution

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 28, 2023, 8:20 AM IST

Updated : Oct 28, 2023, 8:58 AM IST

نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں اردن کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی اور انسانی امداد کی رسائی سے متعلق قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔ یہ قرارداد 22 عرب ممالک کی نمائندگی کررہی تھی۔ غزہ کی موجودہ صورتحال سے متعلق پیش کردہ قرارداد کو 195 ارکان کی جنرل اسمبلی میں فرانس سمیت 120 ارکان کی حمایت حاصل ہوئی۔ امریکہ، اسرائیل اور آسٹریا سمیت 14 اراکین نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ بھارت، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ سمیت 45 ارکان ووٹنگ سے غیر حاضر رہے۔

انسانی بنیادوں پر جنگ بندی سے متعلق یہ قرارداد کو ’نان بائینڈنگ‘ کہا گیا ہے۔ نان بائینڈنگ کا مطلب یہ ہے کہ فریق اس پر عمل کے پابند نہیں ہیں، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیل فلسطین کشیدگی کے بعد اس معاملے پر اقوام متحدہ میں کوئی قرارداد منظور کی گئی ہو۔ عرب ممالک کی اس قرارداد میں حماس کا ذکر شامل نہیں تھا جس پر اسرائیل بھڑک اٹھا اور اقوام متحدہ کی قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے اپنی دھمکیوں کو دوہرایا۔ اسرائیلی مندوب نے کہا کہ اسرائیل حماس کے خلاف ہر حد تک جائے گا، ہم اپنا دفاع جاری رکھیں گے، دنیا سے حماس کا خاتمہ کرکے ہم اپنے مستقبل اور اپنے وجود کا دفاع کریں گے۔ غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قرارداد منظور ہونے پر امریکی سفیر لینڈا تھومس گرین فیلڈ نے بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے قرارداد میں 7 اکتوبر کے حماس کے حملے اور یرغمالیوں کا ذکر نہیں ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ وہیں، حماس نے اقوام متحدہ کی قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے۔ حماس نے غزہ میں عام شہریوں کیلئے انسانی امداد اور ایندھن پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ فلسطین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی پاگل پن اور جارحیت کو روکنے کے لیے بین الاقوامی برادری نے واضح پوزیشن اختیار کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حماس نے غزہ میں ہلاکتوں پر امریکی دعوؤں کی تردید کی

قرارداد کے مطابق اقوام متحدہ سمیت دیگر انسانی بہبود کی تنظمیوں کو غزہ میں لوگوں تک پانی، کھانا، دوائیں، ایندھن اور بجلی سمیت بنیادی ضروریات پر مبنی امدادی سامان بلا رکاوٹ پہنچایا جانا چاہیے۔ قرارداد میں اسرائیل اور فلسطین دونوں طرف سویلینز کے خلاف تشدد کے تمام اقدامات سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی گئی ہے تاہم قرارداد کے متن میں حماس کا ذکر نہیں کیا گیا۔

Last Updated : Oct 28, 2023, 8:58 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details