نئی دہلی: یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے جس میں انھوں نے بھارت سے طبی آلات سمیت اضافی انسانی امداد کی درخواست کی گئی ہے۔ وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ درخواست یوکرین کے نائب وزیر خارجہ ایمن زہپارووا کے حالیہ تین روزہ دورہ ہند کے دوران سامنے آئی ہے جنہوں نے زیلنسکی کا خط مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ میناکشی لیکھی کو سونپا۔
اپنے دورے کے دوران یوکرین کی نائب وزیر خارجہ زہپارووا نے خارجہ امور و ثقافت کی وزیر مملکت میناکشی لیکھی سے بھی ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے وسیع تر دوطرفہ اور بین الاقوامی مسائل پر بات چیت کرنے کے علاوہ، انہوں نے وزیر اعظم مودی کے نام صدر زیلنسکی کا ایک خط کے میناکشی لیکھی کے حوالے کیا۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ادویات اور طبی آلات سمیت اضافی انسانی امداد کی فراہمی کے لیے یوکرین کی درخواست بھی اس نے شیئر کی تھی۔ بیان میں کہا گیا کہ نئی دہلی اور کیف کے درمیان اگلا بین الحکومتی کمیشن باہمی طور پر مناسب تاریخ پر بھارت میں منعقد ہوگا۔دونوں وزراء، زہپارووا اور لیکھی نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بھارت نے یوکرین کو انسانی بنیادوں پر مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔ ان کی ملاقات کے بعد، ایم او ایس لیکھی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر اس بات کا اعادہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پچھلے سال ستمبر میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کے دوران کہا تھا کہ آج کا دور جنگ کا نہیں ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ جنگ کا وقت نہیں ہے، یوکرین کی نائب وزیر خارجہ سے مل کر خوشی ہوئی۔ باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ثقافتی تعلقات اور خواتین کو بااختیار بنانے پر بھی بات چیت ہوئی اور یوکرین کوانسانی امداد میں اضافے کا یقین دلایا۔