یوکرین اور روس کے درمیان اناج کی برآمد کے معاہدے Russia Ukraine Grain Deal کے ایک دن بعد یوکرین کے شہر اوڈیسا کی مرکزی بندرگاہ کو کروز میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ جس کے بعد یوکرین کی آپریشنل کمانڈ ساؤتھ نے ٹیلی گرام ایپ پر لکھا کہ دشمن نے اوڈیسا سمندری تجارتی بندرگاہ پر کروز میزائلوں سے حملہ کیا۔ تاہم روس نے اس تعلق ابھی تک کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ یہ نئے حملے روس اور یوکرین کے اقوام متحدہ اور ترکی کے ساتھ اناج کی برآمدات کے متعلق معاہدوں پر دستخط کرنے کے ایک دن بعد ہوئے ہیں جس کا مقصد خوراک کے عالمی بحران کو روکنا ہے۔ معاہدوں نے لاکھوں ٹن یوکرینی اناج اور کھاد کی کچھ روسی برآمدات کی ترسیل کا راستہ صاف کردیا ہے۔
یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اپنے رات کے ویڈیو خطاب میں کہا کہ معاہدے عالمی تباہی کو روکنے کا ایک موقع فراہم کرتے ہیں جو دنیا کے بہت سے ممالک میں سیاسی افراتفری کا باعث بن سکتی ہے۔ زیلنسکی نے اوڈیسا کی بندرگاہ پر میزائل حملے کے بعد روس پر بربریت کا الزام لگایا ہے۔ یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا کہ اس حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ روس پر اس معاہدے پر قائم رہنے پر بھروسہ کیوں نہیں کیا جا سکتا۔ دریں اثنا زیلینسکی نے مستقبل میں ایسے میزائلوں کو مار گرانے کے قابل ہوائی دفاعی نظام کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا عزم کیا۔