کیف: یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین کے وزیر دفاع اولیکسی ریزنکوف کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ یوکرینی اسٹیٹ پراپرٹی فنڈ کے سربراہ رستم عمروف، اولیکسی ریزنکوف کی جگہ یوکرین کے نئے وزیر دفاع ہوں گے۔ اولیکسی ریزنکوف فروری 2022 میں روس کے مکمل حملے کے آغاز سے پہلے ہی وزارت دفاع کی قیادت کر رہے تھے۔ لیکن فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے رات کے خطاب میں صدر زیلنسکی نے کہا کہ یہ وزارت دفاع میں ایک نئے نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔
یوکرین کے صدر نے دارالحکومت کیف سے ایک خطاب میں کہا کہ میرا خیال ہے کہ وزارت کو فوج اور معاشرے دونوں کے ساتھ نئے طریقوں اور بات چیت کے دوسرے فارمیٹس کی ضرورت ہے۔ یوکرینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریزنکوف لندن میں کیف کے نئے سفیر بنیں گے، جہاں انہوں نے سینئر سیاستدانوں کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کیے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق سابق وزیر دفاع نے صحافیوں کو بتایا کہ اگر زیلینسکی انہیں کسی اور پروجیکٹ پر کام کرنے کا موقع دیتے ہیں تو وہ ممکنہ طور پر راضی ہو جائیں گے۔