کیف: روس نے مشرقی یوکرین کے شہر پوکرووسک پر میزائل حملہ کردیا جس کے نتیجے میں رہائشی عمارت سمیت کئی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا اور 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق حملوں کے بعد ریسکیو اہلکار پوکروسک میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف نظر آئے۔ پوکروسک مشرقی فرنٹ لائن سے صرف 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جہاں روس کی جانب سے کنٹرول حاصل کرنے اور یوکرین کے حملوں کو پسپا کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔
ڈونیٹسک کے علاقے کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ پاولو کیریلینکو نے بتایا کہ 40 منٹ کے فرق سے 2 میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں رہائشی عمارتوں، ایک ہوٹل، دکانوں اور انتظامیہ کی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ وہاں موجود ریسکیو اہلکاروں کو پانچ منزلہ عمارت کے ملبے تلے زندہ بچ جانے والے افراد کو نکالتے اور زخمیوں کو ایمبولینسوں میں لے جاتے دیکھا گیا۔ یوکرین کے داخلی امور کے وزیر ایگور کلیمینکو کے مطابق روس کی جانب سے میزائل حملوں میں 7 افراد ہلاک اور 2 بچوں سمیت 67 افراد زخمی ہوگئے۔ قابل ذکر ہے کہ روس یوکرین جنگ گزشتہ برس 24 فروری سے جاری ہے۔