کیف: یوکرین نے روس کے خلاف جوابی کارروائی میں اپنی برّی فوج کی مدد کے لیے جرمنی سے مزید لیپرڈ ٹینک مہیّا کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس سے ایک روز قبل ہی ماسکو نے کہا ہے کہ اس نے متعدد محاذوں پر یوکرین کے حملوں کو ناکام بنادیا ہے اور اس کے کم سے کم ایک درجن ٹینک تباہ کر دیے ہیں۔ یوکرین کے نائب وزیر خارجہ اینڈری میلنیک نے کہا ہے کہ ان کی برّی فوج کو مغرب سے مزید جنگی ٹینکوں، انفنٹری لڑاکا گاڑیوں اور دیگر بکتر بند گاڑیوں کی اشد ضرورت ہے۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق برلن میں یوکرین کے سابق سفیر کے طور پر خدمات انجام دینے والے میلنیک نے اس بات پر زور دیا کہ جرمن مسلح افواج اپنے 300 سے زیادہ ٹینکوں میں سے مزید بآسانی مہیا کر سکتی ہیں۔
جرمنی نے روس کے ساتھ تنازع میں یوکرین کی مدد کے لیے 18 لیپرڈ 2 جنگی ٹینک مارچ کے آخر میں مہیا کیے تھے۔وزیرکا کہنا تھا کہ موجودہ تعداد کو جرمنی کی اپنے دفاع کی صلاحیت کو خطرے میں ڈالے بغیر تین گنا تک بڑھایا جا سکتا ہے۔اس سے قبل جرمنی نے جنوری میں یہ ٹینک مہیا کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ انھیں مغربی ہتھیاروں میں سب سے بہتر سمجھا جاتا ہے۔ مئی کے آخر میں جرمنی نے کہا تھا کہ وہ یوکرین کو ٹینک بھیجنے کے نتیجے میں اپنے ختم ہونے والے اسٹاک کو پورا کرنے کے لیے 18 لیپرڈ 2 ٹینک اور 12 خود کار ہووٹزر خرید کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔