لندن: برطانوی وزیر اعظم رشی سنک نے پیر کے روز بھارتی نژاد ہوم سکریٹری سویلا بریورمین کو برطرف کر دیا۔ وزیراعظم ہاوس ڈاؤننگ اسٹریٹ سے آنے والی اطلاعات کے مطابق وزیر اعظم رشی سنک نے یہ فیصلہ سویلا برورمین کی طرف سے فلسطینی حامی مظاہرین کے خلاف پولیس پر نرمی برتنے کا الزام عائد کرنے کے بعد لیا ہے۔ بریورمین نے گزشتہ ہفتے ایک مضمون شائع کیا جس میں پولیس نے ہفتے کے روز فلسطینی کے حمایت میں نکالے گئے مارچ کو سنبھالنے کے طریقے کو نشانہ بنایا تھا۔
اس مضمون نے پی ایم سنک کی مشکلات میں اضافہ کر دیا کیونکہ اس کے بعد وزیراعظم کے ناقدین کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ کے موقف نے تناؤ کو بڑھانے اور دائیں بازو کے مظاہرین کو لندن کی سڑکوں پر آنے کی ترغیب دینے میں مدد کی۔ 43 سالہ بھارتی نژاد وزیر سویلا کو یوکے کابینہ کے کردار میں متعدد دفعہ تنازعات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حال ہی میں ٹائمز کے ایک مضمون میں ان پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ اسرائیل مخالف احتجاج سے نمٹنے کے دوران میٹ پولیس پر نرمی برتنے کا الزام عائد کیا۔