لندن: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن Boris Johnson کے خلاف ڈاؤننگ سٹریٹ میں پارٹی کرنے اور کووڈ لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے کی وجہ سے پیر کو تحریک عدم اعتماد پیش کی جائے گی۔ یہ اعلان کنزرویٹو پارٹی کی ایک کمیٹی کے چیئرمین نے کیا۔ عدم اعتماد کے خطوط کے انچارج گراہم بریڈی نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی کے 54 ایم پیز (15 فیصد) اس کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اسے پیر کی شام کو ہاؤس آف کامنز میں رکھا جائے گا۔ Boris Johnson Faces No-Confidence Vote in UK
کنزرویٹو پارٹی کے موجودہ قوانین کے تحت، اگر جانسن جیت جاتے ہیں، تو انہیں کم از کم 12 ماہ تک اس طرح کی ایک اور تحریک عدم اعتماد کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ کابینہ اب تک جانسن کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کھڑی ہے، جس میں برطانیہ کی سیکریٹری آف اسٹیٹ لز ٹرس بھی شامل ہیں۔ ٹرس کو وزارت عظمیٰ کے سب سے بڑے امیدوار بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ لز ٹرس نے پیر کو کہا کہ وزیراعظم بورس جانسن کو عدم اعتماد کے ووٹ میں ان کی 100 فیصد حمایت حاصل ہے جس کا انہیں پیر کو سامنا کرنا ہوگا۔ ٹرس نے ٹویٹ کیاکہ وزیر اعظم کو آج کی ووٹنگ میں میری 100 فیصد حمایت حاصل ہے اور میں اپنے ساتھیوں کی ان کی حمایت کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کرتی ہوں۔