نیوزی لینڈ اور برطانیہ نے شدید معاشی بحران کا سامنا کرنے والے جنوبی ایشیائی جزیرے پر مشتمل ملک سری لنکا میں عوام میں بڑھتے غم و غصے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو سری لنکا کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ یہ اطلاع جمعرات کو ایک اخبار میں دی گئی۔ ڈیلی مرر کی رپورٹ کے مطابق ان دونوں ممالک کی جانب سے اپنے شہریوں کو سری لنکا کے سفر کے خلاف جاری کردہ ایڈوائزری سری لنکا کے پہلے سے ہی مشکلات کا شکار سیاحتی شعبے کو مزید متاثر کرے گی۔
برطانیہ اور نیوزی لینڈ کی حکومتوں نے سری لنکا میں بگڑتے ہوئے معاشی حالات اور اس کی وجہ سے لوگوں میں بے چینی پھیلنے کے امکان کے پیش نظر اپنے شہریوں کے لیے جاری کردہ ’ٹریول ایڈوائزری‘ کو تبدیل کر دیا ہے۔ ان کے علاوہ امریکہ، یورپی یونین، کینیڈا، آسٹریلیا اور آئرلینڈ نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سری لنکا کا سفر کرنے سے گریز کریں۔