ریاض:متحدہ عرب امارات کے صدر الشیخ محمد بن زید آل نہیان کل ہفتے کے روز ترکیہ کے ایک ورکنگ دورے پر استنبول پہنچے ہیں۔ اپنے اس دورے کے دوران وہ برادر ملک ترکیہ کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط بنانے اور جامع اقتصادی شراکت داری کو آگے بڑھانے پر بات کریں گے۔ امارات کی سرکاری پریس ایجنسی ’وام‘نے بتایا کہ الشیخ محمد بن زاید آل نہیان کا ہوائی اڈے پر پہنچنے پر ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے علاوہ ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان اور متعدد وزراء اور اعلیٰ حکام نے استقبال کیا۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ کے دورے کے دوران الشیخ محمد بن زائد آل نھیان کے ہمراہ ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد بھی شامل ہے جس میں ’یو اے ای‘کے نائب صدر الشیخ منصور بن زاید آل نہیان، نائب وزیر اعظم اور شاہی دربار کے وزیر الشیخ نہیان بن زاید آل نہیان اور زید بن سلطان آل نہیان چیریٹیبل اینڈ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین الشیخ حمدان بن محمد بن زید آل نہیان بھی اس دورے میں ان کے ہمراہ ہیں۔ ترکیہ کے اس خصوصی دورے میں متحدہ عرب امارات کے شاہی دیوان کے خصوصی امور کے مشیر الشیخ محمد بن حمد بن طحنون آل نہیان کے علاوہ ملک کے صدر کے مشیر الشیخ سلطان بن حمدان بن محمد آل نھیان، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی الشامسی وزیر صنعت وٹیکنالوجی ڈاکٹر سلطان بن احمد الجابر بھی موجود ہیں۔