دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور قطر نے برسوں کی کشیدگی کے بعد اپنے دوطرفہ سفارتی تعلقات بحال کرتے ہوئے اپنے سفارتخانے دوبارہ کھولنے کا اعلان کردیا۔ دونوں ممالک نے بیانات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ابوظہبی میں قطری سفارت خانہ اور دبئی میں قطری قونصل خانے کے ساتھ ساتھ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اماراتی سفارت خانے نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔ قطر نے کہا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک دوسرے کو سفارتی مشن دوبارہ کھولنے پر مبارکباد دینے کے لیے فون پر بات کی۔
سعودی عرب کا اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہنا ہے کہ قطر اور امارات میں سفارتی نمائندگی کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ قطر اور امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی مثبت قدم ہے۔سعودی عرب کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ قطر اور امارات میں تعلقات کی بحالی سے خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ امریکہ نے دونوں ممالک کو اس قدم پر مبارکباد دی، جو کہ علاقائی استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دینے میں ہمارے خلیج تعاون کونسل کے شراکت داروں کے درمیان ایک اور اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔