عدن: یمن کے شبوا صوبے میں اتوار کو القاعدہ کے شدت پسندوں کے حملے میں دو سرکاری فوجی ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ ایک مقامی حکومتی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایک گاڑی میں سوار ہو کرالقاعدہ سے منسلک عسکریت پسندوں نے صوبہ شبوا کے ضلع السید میں حکومت نواز فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ القاعدہ کے بندوق برداروں نے راکٹ سے چلنے والے گرینڈ سمیت بھاری ہتھیاروں سے سیکورٹی چوکی پر فائرنگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے میں دو فوجی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ قابل ذکر ہے کہ یمن میں سرگرم القاعدہ گروپ کے دہشت گرد حکومت اور فوج کو نشانہ بناکر کئی برسوں سے حملے کر رہے ہیں۔
سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد کی حمایت یافتہ سرکاری افواج نے حالیہ مہینوں میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر کئی فوجی کارروائیاں شروع کی ہیں۔ تاہم سعودی حمایت یافتہ یمنی سرکاری فوج ملک کے جنوبی صوبوں کے پہاڑی علاقوں میں چھپے جنگجو گروپ کو ختم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ واضح رہے کہ اس سال کے جنوری ماہ میں یمن میں سکیورٹی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان ہوئی جھڑپ میں 13 فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ جھڑپ تقریبا آٹھ گھنٹے تک چلی تھی۔